لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی مختلف نوعیت کی شکایات سن کر متعلقہ پولیس افسران کو فوری اور قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری میں فراڈ، لین دین، وراثتی جائیداد، تشدد، ہراسگی، دھمکیوں اور دیگر شہری مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کی گئیں۔ وراثتی جائیداد کے تنازع پر ایس ایچ او گجرپورہ کو حقائق کی تصدیق کر کے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا گیا۔
اسی طرح لین دین اور گروی رکھے گئے مکان کی رقم میں مبینہ خرد برد کی شکایات پر ایس پی سول لائنز اور ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو شفاف انکوائری کر کے قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ تشدد، ہراسگی اور دھمکیوں کی شکایت پر ایس ایچ او چوہنگ کو متاثرہ شہری کو فوری تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہدایت کی کہ تمام شکایات قانون اور میرٹ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنائیں۔


