24

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا اہم فیصلہ، “فردِ اراضی” کی جگہ “نقلِ اراضی ریکارڈ” کو قانونی دستاویز قرار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) نے ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے “فردِ اراضی” کی جگہ “نقلِ اراضی ریکارڈ” کو زمین کے لین دین، رجسٹری اور دیگر متعلقہ معاملات کے لیے باقاعدہ قانونی دستاویز قرار دے دیا ہے۔

10 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے سیکشن 5، 14 اور 16 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب “نقلِ اراضی ریکارڈ” ہی زمین کے ریکارڈ کا قانونی حصہ تصور ہوگی اور تمام ٹرانزیکشنل مقاصد کے لیے اسی دستاویز کو استعمال کیا جائے گا۔

پی ایل آر اے کے مطابق اس فیصلے کے بعد لینڈ ریکارڈ سینٹرز پر پہلے جاری ہونے والی “فردِ اراضی” کی اصطلاح ختم کر کے “نقلِ اراضی ریکارڈ” کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو آئندہ اسی نام سے دستاویز جاری کی جائے گی، جسے قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب، بورڈ آف ریونیو، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ رجسٹرارز، سب رجسٹرارز، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں