اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ترجمان موٹروے پولیس نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے حوالے سے شہریوں اور مسافروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اور 8 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور تیز آندھی کا امکان ہے، لہٰذا غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور دورانِ سفر انتہائی احتیاط برتی جائے۔
ترجمان کے مطابق بارش کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر پھسلن اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے ڈرائیور حضرات رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ہیڈ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔
موٹروے پولیس نے خبردار کیا کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خطرہ موجود ہے، جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے، اس لیے سیلابی پانی سے گزرنے کی ہرگز کوشش نہ کی جائے۔
ترجمان نے شمالی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو ہدایت کی کہ روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں، جبکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کریں اور پوری توجہ سڑک پر رکھیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں اور کسی بھی رہنمائی یا ہنگامی مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔


