22

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا محکمہ صحت میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس، سیکرٹری ہیلتھ کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ صحت میں ڈاکٹرز، نرسز اور ڈینٹل سرجنز کی حالیہ بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اقدامات کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ شاہد اللہ کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کو مختلف ذرائع سے شکایات موصول ہوئیں کہ محکمہ صحت میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کی خلاف ورزی اور مبینہ مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ ان شکایات کی روشنی میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکرٹری ہیلتھ کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا کہا جائے اور ان کی جگہ ایک ایماندار اور پیشہ ور افسر تعینات کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ نے صوبائی انسپکشن ٹیم (PIT) کو بھرتیوں کی شفاف انکوائری کرنے اور سات روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں کرپشن اور اقرباء پروری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی افسر یا اہلکار بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے نئی تعیناتیوں سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں اور غیر قانونی لین دین کے تاثر کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نئے سیکرٹری ہیلتھ کی تقرری مکمل طور پر میرٹ اور انتظامی صلاحیت کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ محکمہ صحت کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں