16

خاتون کو بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ اداکردی گئی

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں ایک خاتون کو درپیش خطرے کے دوران بہادری سے مداخلت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ آج ادا کی گئی۔ شہید افسر کو ان کی غیر معمولی جرأت، بے لوث خدمات اور فرض شناسی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

نمازِ جنازہ میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سینئر افسران، پاک فضائیہ کے جوانوں اور سول کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عظیم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر چیف آف دی ایئر اسٹاف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی پاکستان ایئر فورس اور مسلح افواجِ پاکستان کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک معصوم شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے شہید افسر نے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے مرد و خواتین نہ صرف ملک کی سرحدوں کے تحفظ بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے دفاع کے لیے بھی ہر دم تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید نے اسلام آباد میں ایک خاتون کو بچانے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور قوم کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں