24

غیر اعلانیہ طویل بجلی بندش کاروبار اور معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر رہی ہے، احمد ادریس چوہان

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے کہا ہے کہ حیسکو کی جانب سےمختلف علاقوں میں پانچ گھنٹےکے مجوزہ شٹ ڈاؤن کا شیڈول جاری کیا جاتا ہے، مگر عملی طور پر بجلی سات، آٹھ بلکہ بعض مقامات پراس سےبھی زیادہ گھنٹےتک بند رکھی جاتی ہے۔مقررہ شیڈول اورعملی صورتحال کے درمیان یہ واضح تضاد ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین مسئلے پر حیدرآباد چیمبر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو کو باضابطہ طور پر خط ارسال کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کامطالبہ کیا ہے۔احمد ادریس چوہان نے کہا کہ تاجر، صنعتکار، دکاندار، طلبہ اور عام شہری حیسکو کے جاری کردہ شٹ ڈاؤن شیڈول کو مدنظررکھتےہوئے اپنے کاروباری، تعلیمی اور گھریلو معاملات کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، لیکن جب بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی کئی گھنٹے مزید بند رکھی جاتی ہے تو کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل شٹ ڈاؤن کے علاوہ مختلف علاقوں میں بار بار ہونے والی شارٹ ٹرپنگ نے بھی صارفین کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ چند منٹوں کے وقفے سے بجلی کا بار بار آنا جانا نہ صرف کاروباری سرگرمیوں اور صنعتی پیداوار کو متاثر کرتا ہے بلکہ برقی آلات اور مشینری کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی تکنیکی یا انتظامی مجبوری کے باعث شٹ ڈاؤن کا دورانیہ بڑھانا ناگزیر ہو تو حیسکو کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بروقت، درست اور مکمل معلومات فراہم کرے۔ اگر حقیقت میں بجلی آٹھ گھنٹے بند رہنی ہے تو پانچ گھنٹے کا شیڈول جاری کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ صارفین کو اصل صورتحال سے بے خبر رکھنا نہ صرف شفافیت کے اصولوں کے منافی ہے بلکہ اس سے عوام کا ادارے پر اعتماد بھی مجروح ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ شٹ ڈاؤن کا صرف حقیقی دورانیہ ہی جاری کیا جائے، غیر معمولی توسیع کی صورت میں فوری طور پر عوام کو آگاہ کیا جائے، اعلان شدہ اور عملی دورانیے کے درمیان مسلسل فرق کی وجوہات کا تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں صارفین کو اس اذیت ناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔احمد ادریس چوہان نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو اس عوامی اہمیت کے حامل مسئلے کا ذاتی طور پر نوٹس لیتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کریں گے۔انہوں نے حیسکو کی جانب سے حیدرآباد میں 68 فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح بجلی کی فراہمی میں بہتری کے لیے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی طرح شٹ ڈاؤن شیڈول میں بھی درستگی، شفافیت اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین کا اعتماد بحال ہو اور کاروباری برادری بلاوجہ مشکلات سے محفوظ رہ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں