21

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت مریم نواز اسکول فار اسپیشل چلڈرن، سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح

نارووال(ایچ آراین ڈبلیو)نارووال میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت مریم نواز اسکول فار اسپیشل چلڈرن، سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے خصوصی تعلیم ثانیہ عاشق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب کے دوران خصوصی بچوں میں ہمت کارڈز اور جدید اسسٹیو ڈیوائسز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ثانیہ عاشق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور بااختیار مستقبل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں خصوصی بچوں کے لیے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا عظیم مشن یاد آتا ہے۔

ثانیہ عاشق کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز ہمیشہ خصوصی بچوں کے بارے میں دریافت کرتی ہیں اور کہتی ہیں، “ثانیہ، میرے بچوں کا خیال رکھ رہی ہو؟” انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے وزیراعلیٰ کے لیے اپنی اولاد کی مانند ہیں، اور ہمت کارڈ، میل پروگرام، خودمختار پروگرام، ہیلتھ اسکریننگ اور اسسٹیو ڈیوائسز جیسے اقدامات خصوصی بچوں کے لیے انقلابی ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف ایک شفیق ماں ہی خصوصی بچوں کے لیے ایسے جامع فلاحی منصوبے متعارف کرا سکتی ہے، اور پنجاب خوش قسمت ہے کہ اسے مریم نواز شریف جیسی دردمند وزیراعلیٰ ملی ہیں۔

تقریب میں اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکریٹری سید شعیب اقبال اور ڈی جی اسپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب جدون بھی شریک تھے۔ حکام نے بتایا کہ محکمہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق خصوصی بچوں کی تعلیم و بحالی کے لیے بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں