30

لاہور کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے جاں بحق 14 بچے سپردِ خاک، مقدمہ درج

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)کاہنہ میں واقع ایک ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔ حادثے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔

جاں بحق بچوں کی نمازِ جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لواحقین غم سے نڈھال دکھائی دیے جبکہ علاقے کی فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔

سانحہ کاہنہ میں زخمی ہونے والی خاتون ٹیچر انیلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیوشن سنٹر میں عموماً 30 سے 35 بچے تعلیم حاصل کرتے تھے، تاہم حادثے کے روز تقریباً 20 بچے موجود تھے۔ ان کے مطابق بارش کے باعث چھت سے پانی ٹپک رہا تھا، جس کی وجہ سے مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ انیلا نے بتایا کہ ان کی بیٹی بھی حادثے میں زخمی ہوئی تھی، تاہم وہ ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکی ہے۔

ادھر پولیس نے خاتون ٹیچر کے شوہر اور مرکزی ملزم ریحان کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ ملزم کے مطابق ان کی اہلیہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی تھیں۔ بارش کے باعث چھت ٹپکنے پر وہ اپنے بھائیوں اور ایک مستری کے ساتھ مل کر چھت پر ٹائل لگانے کا کام کر رہے تھے کہ حادثہ پیش آ گیا۔

پولیس کے مطابق انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کاشف اسلم کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ لاہور میں پیش آیا، جس نے پورے شہر کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں