اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پیغام رسانی کی مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نیا یوزر نیم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اب صارفین کو فیملی، دوستوں یا کسی بھی فرد سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئے فیچر کے تحت صارفین ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، جس کے ذریعے وہ اپنا فون نمبر پوشیدہ رکھ سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی مدد سے واٹس ایپ پر رابطے مزید محفوظ ہو جائیں گے، کیونکہ کسی گروپ کو جوائن کرنے یا کسی شخص یا ادارے کو پہلی بار پیغام بھیجنے کی صورت میں صارف کا فون نمبر دیگر افراد کے ساتھ خودکار طور پر شیئر نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے میٹا نے وضاحت کی ہے کہ یوزر نیم منتخب کرنے کے بعد جو بھی صارف آپ سے رابطہ کرنا چاہے گا، اس کے لیے آپ کا درست یوزر نیم جاننا ضروری ہوگا۔
میٹا نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً 3 ارب صارفین موجود ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ بعض صارفین کو اپنی پسند کا یوزر نیم دستیاب نہ ہو سکے۔ تاہم اس نئے فیچر کو صارفین کی رازداری کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


