6

دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، صدر اور وزیراعظم

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا اور قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کر کے سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں