5

کراچی نیو یارک سے بہتر شہر ہے، ضیا الحسن لنجار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی نیو یارک سے بہتر شہر ہے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی سندھیوں، اردو بولنے والوں، پنجابیوں سمیت سب کا ہے، کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے اور رہے گا، تقریروں سے اِدھر اُدھر نہیں ہوگا۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ خطرناک شہروں میں اب کراچی 170 نمبر پر ہے، یہ نیو یارک سے بہتر شہر ہے، موٹرسائیکل کی چوری بہت زیادہ ہے جس کیلیے قانون سازی کرنی پڑے گی، بائیک پر جب تک ٹریکر نہیں لگے گا چوری کم نہیں ہوگی۔

انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 1992 میں آپریشن ہوا تب ایم کیو ایم کے دوست حکومت کا حصہ تھے، ہم تب اپوزیشن میں تھے ہمارے لوگ بھی گرفتار ہوئے، ہر دور میں کوشش کی گئی کہ کراچی میں غیر یقینی صورتحال رہے، امن و امان پر کوئی مصلحت نہیں ہوگی، آپ ہمیں دوبارہ 1992 میں لے کر جا رہے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والا ایم پی اے ہی کیوں نہ ہو کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں بوری بند لاشیں نہیں ہونے دیں گے، بوری بند لاشیں آپ کی پارٹی پالیسی ہے تو بری ہے، اسمبلی میں بیٹھے کئی ممبران کے آباؤ اجداد بھی اسمبلی ممبرز تھے، 1935 کی اسمبلی میں 85 ممبرز سندھی مسلم تھے، ان کے پاس زمینیں تھیں تب ممبرز بنے تھے، تاریخ مسخ مت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں