سندھ(ایچ آراین ڈبلیو)رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو نے لیبر ڈپارٹمنٹ میں 30 ارب روپے کی مبینہ کرپشن پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سجاد علی سومرو کا کہنا ہے کہ سندھ کے سینئر وزیر سعید غنی خود اپنی وزارتِ لیبر پر 30 ارب روپے کی کرپشن کا الزام عائد کر رہے ہیں، جو حکومت کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان اور ناکامی کا اعتراف ہے۔ ان کے مطابق اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ حکومت کے اپنے وزیر ہی اپنی حکومت پر انگلیاں اٹھا رہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اربوں روپے کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں تھے بلکہ لیاری، کراچی اور پورے سندھ کے محنت کش مزدوروں کی امانت تھے، جنہیں مبینہ طور پر لوٹ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عوام کو بتایا جائے کہ ان اربوں روپے کا حساب کون دے گا، ذمہ دار کون ہے اور عملی کارروائی کب ہوگی؟
رکن سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ صرف الزامات لگانا کافی نہیں، پیپلز پارٹی کو سندھ کے ہر مزدور، ہر غریب اور ہر ٹیکس دینے والے شہری کے سامنے جواب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ احتساب ہو اور عوام کو ان کے پیسے کا حساب دیا جائے۔


