9

بی آئی ایس پی میں 25 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مالی سال 2024-25 کے آڈٹ میں 25 ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈٹ رپورٹ 2025-26 کے مطابق نظام میں کمزور پروفائلنگ اور ضوابط کی خامیوں کے باعث سرکاری ملازمین، گاڑیوں کے مالکان اور دہری رجسٹریشن رکھنے والے سمیت 6 لاکھ سے زائد نااہل افراد کو مبینہ طور پر غیر قانونی ادائیگیاں کی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آئی ایس پی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں شریکِ حیات کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے نظام میں بھی سنگین خامیاں پائی گئیں، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔

آڈٹ دستاویز کے مطابق مالی سال کے دوران غیر مشروط نقد منتقلی پروگرام کے تحت 12 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین، پنشنرز یا ان کے اہلِ خانہ کو مجموعی طور پر 51 کروڑ روپے سے زائد ادائیگیاں کی گئیں، حالانکہ سرکاری پالیسی کے تحت ایسے افراد اس پروگرام کے اہل نہیں تھے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2019 میں وفاقی کابینہ کی ہدایت کے باوجود نااہل افراد کو ادائیگیوں کا سلسلہ جاری رہا، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق معاملے کی مزید جانچ پڑتال جاری ہے اور ذمہ داران کے تعین کے بعد کارروائی متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں