اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سیکٹر ایچ-9 میں قائم اتوار بازار میں آتشزدگی کے باعث سینکڑوں دکانیں اور اسٹالز جل کر خاکستر ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم دکانوں میں موجود بیٹریاں پھٹنے سے آگ کی شدت مزید بڑھ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں مجموعی طور پر 335 دکانیں اور اسٹالز متاثر ہوئے، جن میں گارمنٹس اور جوتوں کے اسٹالز کی بڑی تعداد مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ہے، جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


