3

30 کروڑ کی بڑی ڈکیتی کا کیس حل، مرکزی ملزم گرفتار، 20 کروڑ روپے برآمد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جوہر آباد کے علاقے میں بینک کیش لے جانے والی وین سے 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے کیس کو پولیس نے چند دنوں میں حل کر لیا۔

پولیس کے مطابق 12 جون 2026 کو پیش آنے والی اس بڑی واردات میں ملوث مرکزی ملزم محمد علی عرف علی لنگڑا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے 20 کروڑ روپے برآمد بھی کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کے مطابق واردات کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے پیشہ ورانہ مہارت سے کیس کو ٹریس کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بین الصوبائی ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے، جو ملک کے مختلف شہروں میں بینک ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا ویگو ڈالہ اور پکسس کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ واردات میں کیش وین کا چیف کریو واجد بھی مبینہ طور پر ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق گروہ کے دیگر ارکان مختلف شہروں میں موجود ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے رقم اپنے دو گھروں میں چھپا رکھی تھی، جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری اور باقی رقم کی برآمدگی کے لیے مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں