دوحہ(ایچ آراین ڈبلیو) قطر کے صنعتی شہر راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع دنیا کے بڑے مائع قدرتی گیس (LNG) پلانٹس میں سے ایک میں زوردار دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہو گئے۔
دھماکا بارزان گیس سپلائی مرکز میں اس وقت پیش آیا جب پلانٹ کی بندش کے بعد دوبارہ آپریشن شروع کرنے کا عمل جاری تھا۔قطری حکام نے ابتدائی طور پر واقعے کو تکنیکی خرابی قرار دیا ہے، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ سول ڈیفنس اور ہنگامی امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستانی اور بھارتی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں قطر، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، کینیا، نائجیریا، تنزانیہ اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
قطر انرجی کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ حادثے کے باوجود گیس کی برآمدات اور راس لفان بندرگاہ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
قطری حکام نے عالمی منڈیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حادثے سے توانائی کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی، جبکہ مکمل تحقیقاتی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔


