9

بی آر ٹی پروجیکٹ کے ڈائریکٹر ضمیر عباسی لاہور سے مبینہ طور پر اغوا، مقدمہ درج

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بی آر ٹی پروجیکٹ کے ڈائریکٹر اور سینیئر افسر ضمیر عباسی کی لاہور سے پراسرار گمشدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں مغوی افسر کے والد محمد پناہ ولد بادل خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق ضمیر عباسی، جو ڈپٹی کمشنر رینک کے سرکاری افسر اور کراچی بی آر ٹی پروجیکٹ میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، چند روز قبل ذاتی مصروفیات کے سلسلے میں لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں مقیم تھے۔

مدعی کے مطابق 12 جون 2026 کو 15 سے 20 نامعلوم افراد وہاں پہنچے، جن میں سے کچھ پولیس یونیفارم میں اور کچھ سادہ لباس میں تھے۔ ان افراد نے اسلحے کے زور پر ضمیر عباسی کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کر لیا۔

والد کا کہنا ہے کہ واقعے کو کئی روز گزرنے کے باوجود ان کے بیٹے کا کوئی سراغ نہیں ملا، نہ ہی انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مغوی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔

مدعی نے استدعا کی ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے بیٹے کو فوری بازیاب کرایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں