لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے لاہور ریجن کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران شہر میں سنگین جرائم کی مجموعی شرح میں 58 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال میں سنگین جرائم کے 29 ہزار 471 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ قیام کے بعد یہ تعداد کم ہو کر 12 ہزار 470 رہ گئی، جو جرائم پر مؤثر کنٹرول کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مختلف جرائم میں درج ذیل کمی ریکارڈ کی گئی:
قتل کی وارداتوں میں 36 فیصد کمی
ڈکیتی میں 53 فیصد کمی
رابری میں 77 فیصد کمی
موٹر سائیکل سنیچنگ میں 74 فیصد کمی
موٹر سائیکل چوری میں 49 فیصد کمی
کار چوری میں 75 فیصد کمی
نقب زنی میں 46 فیصد کمی
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریپ کے بعد قتل کے مقدمات میں 100 فیصد کمی واقع ہوئی اور گزشتہ ایک سال کے دوران اس نوعیت کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک سال میں ایک اہلکار شہید جبکہ 46 اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ عوام کے تعاون سے سنگین جرائم کے مکمل خاتمے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔


