**اسلام آباد / کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کے ہولناک اور مایوس کن اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد عوامی اور معاشی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جہاں پورا بجٹ خسارے، قرضوں کی ادائیگی اور روایتی اخراجات کی نذر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ مجموعی بجٹ کا حجم 18,771 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، لیکن حیرت انگیز طور پر اس بجٹ کا بڑا حصہ عوام پر خرچ ہونے کے بجائے سود کی ادائیگیوں اور دیگر وفاقی اخراجات کی لجن میں دھنس چکا ہے، جس پر عوام یہ کہنے پر مجبور ہے کہ “گنجی نہائے گی کیا اور نچوڑے گی کیا؟”۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق، 18,771 ارب روپے کے کل بجٹ میں سے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 8,848 ارب روپے منتقل کر دیے جائیں گے۔ اس کے بعد وفاق کے پاس بچنے والی رقم سے کہیں زیادہ اکیلے سود کی ادائیگی (Debt Servicing) کے لیے درکار ہے، جس کا حجم 8,054 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی دفاع کے لیے 3,000 ارب روپے، مختلف وفاقی گرانٹس کے لیے 2,680 ارب روپے، سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 1,169 ارب روپے، اور مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈیز کے لیے 1,091 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، ملک کے بنیادی ڈھانچے کو سنبھالنے کے لیے وفاقی ترقیاتی بجٹ (PSDP) محض 1,000 ارب روپے رکھا گیا ہے، جبکہ غریب طبقے کے ریلیف کے نام پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے لیے 815 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
معاشی ماہرین نے بجٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس پورے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار اور غریب عوام کا خون نچوڑنے کے علاوہ آمدن اور ریونیو بڑھانے کا کوئی متبادل یا انقلابی پلان سرے سے موجود ہی نہیں ہے، اور جب تک دستاویزی معیشت اور نئے پیداواری ذرائع پر توجہ نہیں دی جائے گی، تو ملک خاک چلنا ہے۔ بجلی، گیس، پانی کی قلت، معیاری تعلیم اور علاج معالجے جیسی بنیادی سرکاری سہولیات اور انفراسٹرکچر سے محروم عوام، جو پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، اس بجٹ دستاویز کو دیکھ کر شدید پشیمانی کا شکار ہے اور ہر عام و خاص شہری صرف یہی ایک سوال پوچھ رہا ہے کہ “اس بجٹ میں آخر ہمیں کیا دیا گیا ہے؟”۔
—
> **ہماری مہم کا حصہ بنیں:**
> عوام کے معاشی حقوق، بجٹ کی غیر منصفانہ تقسیم، اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف شہریوں کی حقیقی آواز بننے کے مشن میں **HRNW** (دنیا کے نمبر 1 ہیومن رائٹس نیوز پورٹل) کا ساتھ دیں۔ آپ کا مالی و اخلاقی تعاون ہمیں عوامی مفاد کی آزادانہ صحافت کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
> **تعاون کے لیے یہاں کلک کریں:** [HRNW Support Link](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)


