**لاہور / کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز محمد یوسف کی طویل جدوجہد، حسنِ اخلاق اور دعوت و تبلیغ کی محنت کے نتیجے میں ان کے قریبی خاندان کے 12 افراد نے ایک ساتھ دینِ اسلام قبول کر لیا ہے۔ دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے ان افراد میں اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں ایک نامور ڈاکٹر اور ایک پروفیسر بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ تمام افراد محمد یوسف کے وہ قریبی رشتہ دار ہیں جنہوں نے سال 2005 میں محمد یوسف کے قبولِ اسلام کے وقت شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہر قسم کے خاندانی، سماجی اور کاروباری تعلقات کو مکمل طور پر منقطع کر دیا تھا۔ تاہم، محمد یوسف نے صلہ رحمی اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمت نہ ہاری اور گزشتہ ایک سال سے ان رشتہ داروں کے ہاں دوبارہ آنا جانا شروع کیا، ان کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئے اور انہیں اسلام کی حقیقی و پرامن تعلیمات سے روشناس کرایا۔
گزشتہ روز اللہ رب العزت نے محمد یوسف کے اسی صبر اور مخلصانہ محنت کو شرفِ قبولیت بخشا اور پورا خاندان کلمہ پڑھ کر مشرف بہ اسلام ہو گیا۔ اس دعوتی محنت اور خاندان کو قائل کرنے کے عمل میں پاکستان کے دیگر دو سابق مایہ ناز کرکٹرز اور محمد یوسف کے قریبی ساتھیوں، سعید انور اور انضمام الحق نے بھی بھرپور حصہ لیا اور ان کا ساتھ دیا۔ اس تاریخی اور مبارک موقع پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس نو مسلم خاندان کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے کہ اللہ کریم اس پورے خاندان کو دینِ اسلام کے اس عظیم الشان راستے پر ثبات قدمی اور استقامت عطا فرمائے۔ (آمین)
—
> **ہماری مہم کا حصہ بنیں:**
> انسانی حقوق، مذہبی آزادی، اور معاشرے میں رواداری و اخلاقی اقدار کے فروغ کے مشن میں **HRNW** (دنیا کے نمبر 1 ہیومن راستس نیوز پورٹل) کا ساتھ دیں۔ آپ کا تعاون ہمیں مثبت اور تعمیری صحافت کو عام کرنے کی طاقت فراہم کرتا ہے۔
> **تعاون کے لیے یہاں کلک کریں:** [HRNW Support Link](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)


