اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تنخواہ دار طبقے کی مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کے لیے ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چار مختلف آمدنی والے سلیبس میں انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق 22 سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح 32 سے 41 لاکھ روپے آمدن والوں کے لیے شرح 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ 41 سے 56 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں کے لیے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 29 فیصد کرنے کی تجویز ہے، جبکہ 56 سے 70 لاکھ روپے آمدن والے تنخواہ دار طبقے کے لیے شرح 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد متوسط اور تنخواہ دار طبقے پر مالی بوجھ کم کرنا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔


