کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود میں پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے مطابق مین رہڑی روڈ نزد جت چڑہائی الیاس گوٹھ کے قریب پولیس پارٹی نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد یوسف ولد محمد یونس (عمر 24/25 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جس کی سیدھی ٹانگ پر گولی لگی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور 3 زندہ راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں کے اسپتالوں اور مشکوک مقامات پر چیکنگ جاری ہے۔ مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔


