حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) غازی میڈی کیئر اینڈ میٹرنٹی ہوم، پرنس علی روڈ ہیرآباد، حیدرآباد میں نئے سرجیکل ریکوری روم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SSP) حیدرآباد شازیب چاچڑاور محمد سلیم میمن صدر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری تھے۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ صحت کا شعبہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ نجی ہسپتال حکومت کے شانہ بشانہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور صحت کے نظام پر موجود بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ نجی اسپتالوں اور صحت کے اداروں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی مراعات، جدید طبی آلات پر ڈیوٹی و ٹیکس میں رعایت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ عوام کو مزید بہتر اور سستی طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے غازی میڈی کیئر کی جانب سے جدید سرجیکل ریکوری روم کے قیام کو قابلِ ستائش اقدام قرار دیا۔ایس ایس پی حیدرآباد شازیب چاچڑنے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور بروقت علاج معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جو جدید طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل انسانیت کی خدمت ہے اور اس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچتا ہے۔غازی میڈی کیئر اینڈ میٹرنٹی ہوم کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر حنیف میمن کشتی والا نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کا مقصد حیدرآباد اور گردونواح کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سرجیکل ریکوری روم کے قیام سے آپریشن کے بعد مریضوں کی نگہداشت اور بحالی کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نجی اسپتال محدود وسائل کے باوجود صحت کے شعبے میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی تعاون ناگزیر ہے۔تقریب میں قمر زمان میمن (صدر، پرائیویٹ ہاسپیٹلز سندھ ایسوسی ایشن)، عبداللہ میمن (چیئرمین ABAD)، عمران خان سہروردی (چیئرمین آئی اون حیدرآباد)، ڈاکٹر محمد اقبال میمن، اسلم دیسوالی، جبکہ حیدرآباد چیمبرکے سینئر اراکین عارف میمن، سکندر علی راجپوت اور کاشف شیخ سمیت معزز شہریوں، صنعتکاروں، تاجروں، ڈاکٹروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نئے سرجیکل ریکوری روم کا افتتاح کیا اور اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات سے حیدرآباد میں صحت کی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو جدید طبی خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔
سیکریٹری جنرل


