پونچھ(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی جی آئی ایس پی آر نے پونچھ کے بہادر اور غیرت مند عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پونچھ کے عوام کی تاریخ قربانیوں، استقامت اور جدوجہدِ آزادی سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے آباؤ اجداد نے ڈوگرہ افواج کے ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرکے جموں و کشمیر کی آزادی کی پہلی چنگاری روشن کی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، اس عظیم تاریخی ورثے کے امین ہونے کے ناطے پونچھ کے عوام آج بھی اس جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پورا جموں و کشمیر اپنی حقیقی منزل، یعنی پاکستان سے الحاق، حاصل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ کے عوام کی قربانیاں، حوصلہ مندی اور جذبۂ حریت تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔


