4

پنجاب حکومت کا تاریخ میں پہلی بار ای بائیک کرائے پر دینے کا منصوبہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید طرز کی ای بائیک رینٹل سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا آغاز ابتدائی طور پر لاہور سے کیا جائے گا۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہر بھر میں 10 ہزار ای بائیکس اور 300 ڈاکنگ و چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کے ذریعے شہریوں کو رہائشی اور کمرشل علاقوں سے قریبی پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز تک کم لاگت اور آسان سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ لاہور میں جدید “لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی” سسٹم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ شہری ایک موبائل ایپ کے ذریعے چند سیکنڈز میں ای بائیک حاصل کر سکیں گے۔

منصوبے کے تحت 10 ہزار ای بائیکس کے استعمال سے شہر میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے، جبکہ ٹریفک کے دباؤ، ایندھن کے اخراجات اور فضائی آلودگی میں بھی واضح کمی آئے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت کے تحت اس منصوبے میں پی ایچ اے ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کے لیے جگہ فراہم کرے گا، جبکہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں اسے شہری ٹرانسپورٹ میں جدید اور ماحول دوست تبدیلی قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں