راولپنڈی(ایچ آراین دبلیو)پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف روڈولف ہائیکل کے درمیان راولپنڈی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون، تربیتی تبادلوں اور فوجی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق لبنانی فوج کے سربراہ کا دورۂ پاکستان خطے میں جاری وسیع تر امن کوششوں سے بھی جڑا ہوا ہے، جن کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ کسی بھی ممکنہ امن معاہدے میں لبنان کو شامل کیا جانا ضروری ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس اعلیٰ سطحی ملاقات کو خطے میں امن، استحکام اور باہمی عسکری تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


