9

اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال کے خلاف وکالت لائسنس منسوخی کی درخواست دائر

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور میں اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال کے خلاف پنجاب بار کونسل میں ان کا وکالت کا لائسنس منسوخ کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق رمشہ اقبال گزشتہ تین سال تک آسٹریلیا کی ایک نجی کمپنی میں بطور آفس مینیجر ملازمت کرتی رہی ہیں، جو کہ ان کے بقول وکالت کے پیشے کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیگل پریکٹشنرز اینڈ بار کونسلز ایکٹ اور پنجاب بار کونسل کے قواعد و ضوابط کے تحت کسی بھی وکیل کے لیے مستقل ملازمت کے ساتھ وکالت جاری رکھنا غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب بار کونسل کی جانب سے پہلے بھی وکلاء کو واضح ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ بیک وقت مستقل ملازمت اور وکالت نہیں کر سکتے، تاہم اس حوالے سے دی گئی مہلت بھی ختم ہو چکی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ وکیل کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ پیشہ وکالت کا وقار اور قانون کی بالادستی برقرار رکھی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں