کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے سعید آباد میں تھانہ سعید آباد کی چوکی شہید مختیار گھمن پولیس کا تین رکنی ڈکیت گروہ سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں جبکہ دو ملزمان کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ ہاؤس رابری میں لوٹی گئی ایک لاکھ روپے نقد رقم اور موبائل فون بھی ملزمان سے برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزمان میں محمد عزیر (زخمی)، محمد امان اور اشتیاق حسین شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہاؤس رابری میں نامزد تین رکنی ڈکیت گروہ کی سعید آباد X-3 گراؤنڈ میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تھی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی گئی اور تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت گروہ نے 5 جون 2026 کو سیکٹر 4E میں سید علی محمد نامی شخص کے گھر میں واردات کی تھی، جہاں ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹا تھا۔
ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے مذکورہ واردات کے مقدمہ نمبر 207/26 بجرم دفعہ 397/34 میں نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مزید مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔


