کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایسٹ زون کے علاقے پی آئی بی کالونی پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی لیاری ایکسپریس وے پر نشتر بستی کے قریب کی گئی۔
پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے نیٹ ورک کے دیگر کرداروں تک پہنچا جا سکے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد حبیب ولد جوہر شاہ اور محمد حماد ولد محمد آصف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور شہر میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


