مظفرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)مظفرآباد میں حالات کی کشیدگی اور امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مظفرآباد میں چار سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر بالخصوص مظفرآباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ وقتاً فوقتاً دفعہ 144 نافذ کرتی رہی ہے۔ حالیہ صورتحال میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 جون کی احتجاجی کال کے تناظر میں آزاد کشمیر بھر میں آج بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جبکہ طلبہ، صحافیوں اور عام صارفین کو رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے۔
انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔


