15

پولیس مقابلہ اپڈیٹ: تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا کی کارروائی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا کی حدود سہراب گوٹھ بس اسٹاپ، شاہراہِ پاکستان کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت سفیان ولد اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، چھینا گیا موبائل فون، مردانہ و زنانہ پرس اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل سوار شہری تنویر، اس کی اہلیہ اور چار سالہ بچی سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے۔ واردات کے فوری بعد گشت پر مامور پولیس موبائل نے تعاقب کیا، جس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موبائل فون، پرس اور نقد رقم متاثرہ شہری سے لوٹی گئی ملکیت ہے جسے قانونی کارروائی کے بعد واپس کیا جائے گا۔ گرفتار زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں