کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پریڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم نور ولی 90 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ نکلا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 14 فروری کو صدر کے علاقے ریگل چوک پر سولر انورٹر ڈیلر کے رائیڈر سے 90 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی گئی تھی۔ واردات میں دو ملزمان نے نقدی لوٹی تھی، جن میں اسد اور بلال شینا شامل تھے، جنہیں بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق نور ولی، بلال اور اسد نے مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم بلال انورٹر ڈیلر کے گھر کھانا دینے کے بہانے گیا اور اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد بینک میں رقم جمع کروانے کے لیے نکلنے والے ملازمین کو راستے میں لوٹ لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نور ولی کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کالا ڈھاکہ سے ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان بلال اور اسد کا تعلق بونیر سے ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر زمین میں چھپائی گئی 45 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ گروہ کے سرغنہ نور ولی سے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے واردات کے بعد کے پی کے میں ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بنائیں، جن میں نور ولی اور اسد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ مزید برآمدگی اور نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔


