کوہاٹ(ایچ آراین ڈبلیو)کوہاٹ کے علاقے طور چھپر کے دشوار گزار اور دور افتادہ پہاڑی سلسلوں میں کوہاٹ پولیس اور پاک فوج کی جانب سے دہشت گرد عناصر کے خلاف مشترکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن پانچویں روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
آپریشن میں کوہاٹ پولیس اور پاک فوج کے جوان جدید اسلحے اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ علاقے کے پہاڑی سلسلوں اور مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ شرپسند عناصر کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہباز الٰہی خود آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں اور مختلف مقامات پر موجود فورسز کی نگرانی کرتے ہوئے جوانوں کو ضروری ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او شہباز الٰہی نے کہا کہ کوہاٹ پولیس اور پاک فوج کے مابین مثالی تعاون کے نتیجے میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں اور کسی بھی شرپسند کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے آپریشن میں شریک پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے فورسز کی خدمات قابلِ فخر ہیں، اور علاقے کو ہر قسم کے جرائم اور دہشت گردی سے پاک کرنے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


