اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک ایسا مافیا موجود ہے جو مختلف سیاسی جماعتوں میں بھی پایا جاتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے کاشتکار اور جاگیردار ٹیکس ادا نہیں کرتے، جبکہ تنخواہ دار طبقے پر بھاری ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے طبقات سے اربوں روپے لیوی اور ٹیکس کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں جو پہلے ہی مختلف مراعات سے مستفید ہو رہے ہیں، جو کہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک کا غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جبکہ اندرونی اور بیرونی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور زرعی شعبہ بھی زوال کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض مخصوص گروہ چینی کے بحران اور دیگر معاشی معاملات سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جبکہ کیپسٹی پیمنٹ جیسے نظام کے ذریعے بھی معیشت پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا جائے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے اور چھوٹے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کی جائے۔


