اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے غیر ملکی شہریت سے متعلق اہم حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ہر سرکاری ملازم کو تقرری کے وقت اور اس کے بعد ہر سال باقاعدہ ڈکلیئریشن جمع کروانا لازمی ہوگا۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازم کو اپنی اور اپنے زیرِ کفالت افراد، بشمول بیوی اور بچوں، کی غیر ملکی شہریت کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اگر کسی مرحلے پر غیر ملکی شہریت چھپانے یا غلط بیانی ثابت ہوئی تو ملازم کی تقرری کالعدم قرار دی جا سکے گی اور اسے ملازمت سے برطرف بھی کیا جا سکتا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا اور حساس عہدوں پر فائز افراد کے بارے میں واضح معلومات حاصل کرنا ہے۔ حکم نامے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔


