راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا بانی نے مجھے وزیراعلیٰ نامزد کیا اب کوئی طاقت مجھے نہیں ہٹا سکتی، جب تک اڈیالہ جیل سے پیغام نہیں آتا میں وزیراعلیٰ رہوں گا۔
راولپنڈی مین فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی ختم نہیں کر سکتا ہمارے تمام ایم پی ایز تحریک انصاف کےجھنڈے تلے متحد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ایک بار پھر عوام کا خون چوسا جائے گا، 97ہزار ارب روپے تک پاکستان کے اندرونی اور بیرونی قرضے پہنچ چکے ہیں، ٹیکس وصولی کے ہدف سےکم ٹیکس وصول ہوا ہے، پہلے 5کوبجٹ پیش کرنا تھا اب 10کو پیش کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ لے دے کر یہ لوگ بجٹ پاس کر دیں گے، تجارتی خسارہ بڑھتا جا رہا ہے بجٹ کا سارا بوجھ عوام پر پڑنے والا ہے، کےپی حکومت نے اپنی کابینہ سے متوازن بجٹ پاس کرا لیا ہے۔


