کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بن قاسم میں ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر پاکستان اسٹیل مل سے قیمتی سامان چوری کرنے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک اسکریپ ڈیلر اور 6 کم عمر بچے شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر چوری کی وارداتوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی ملزم وقاص گرفتاری سے بچنے کے لیے کم عمر بچوں سے اسٹیل مل کے مختلف حصوں سے لوہا، تانبا اور دیگر اسکریپ چوری کرواتا تھا۔
گرفتار افراد کی شناخت عبدالرؤف، صدیق، اللہ بچایو، اسلم، حنیف اور اسد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 120 کلوگرام چوری شدہ بولٹس، لوہا اور دیگر اسکریپ بھی برآمد کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ گروہ چوری شدہ اسکریپ مختلف گوداموں اور خریداروں کو فروخت کرتا تھا۔ ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔


