کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلستان جوہر کراچی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات فروش شیریں عرف شرینہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کراچی کے مطابق ملزمہ کو اس کے دو بیٹوں کے ہمراہ کامران چورنگی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شیریں ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے اور اس کے خلاف درجنوں مقدمات درج ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک مقدمے میں ملزمہ کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد ہو چکا ہے، جبکہ وہ ماضی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں منشیات کا بڑا نیٹ ورک چلاتی رہی ہے اور اپنے فلیٹ سے کھڑکی کے ذریعے منشیات کی سپلائی کرتی تھی، جبکہ نشے کے عادی افراد فلیٹ کے باہر ہی منشیات استعمال کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔


