دبئی/ابوظہبی(ایچ آراین ڈبلیو)ابوظہبی: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے انٹرپول اور پاکستانی حکام کے تعاون سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پام ویسٹا ہاؤسنگ اسکینڈل کے مرکزی مفرور ملزم محمد قاسم خان کو ابوظہبی سے گرفتار کر لیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے مطابق یہ کارروائی 1.4 ارب روپے کے ہاؤسنگ فراڈ کیس میں اہم پیش رفت ہے، جس میں 295 متاثرین کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کو ریڈ نوٹس پر گرفتار کیا گیا، جبکہ انٹرپول ابوظہبی نے پاکستانی حکام کو گرفتاری سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ملزم کی حوالگی کے لیے پاکستان سے قانونی دستاویزات طلب کر لی ہیں۔
نیب لاہور نے بتایا کہ پام ویسٹا اسکینڈل میں دو ڈائریکٹرز پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ مرکزی ملزم طویل عرصے سے بیرونِ ملک مفرور تھا۔ ملزم پر جعلی پلاٹس اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے اربوں روپے ہتھیانے کا الزام ہے۔
نیب حکام کے مطابق ملزم کی حوالگی کے لیے انگریزی اور عربی میں قانونی دستاویزات کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک موجود معاشی جرائم میں ملوث افراد کے لیے محفوظ پناہ گاہیں اب محدود ہوتی جا رہی ہیں۔
ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ کی نگرانی میں کی جانے والی اس کارروائی کو متاثرین کی طویل احتجاجی مہم کے بعد ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


