12

خفیہ اطلاع پر آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار شہید

بنوں(ایچ آراین ڈلبیو)ضلع بنوں کے علاقے میریان میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ ٹیموں نے علی الصبح کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

آپریشن میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں