کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پر خاص توجہ ہے۔شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ترقی کا سفر آگے بڑھتا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اگلا الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیت جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2008 سے لے کر اب تک کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا، پاکستان کا سب سے زیادہ ترقی کرنے والا شہر کراچی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتا رہتا ہوں، پیپلز پارٹی نے کراچی کو تاریخی منصوبے دیے ہیں پورے پاکستان سے لوگ کراچی میں روزگار کیلیے آتے ہیں، دعوت دیتے ہیں آئیں ہمارے شہر میں کام کریں اور معیشت میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے فخر کا دن ہے کہ شہید بی بی کے خواب کو پورا کر کے دکھایا، بی بی کےنامکمل مشن کی تکمیل کیلیے سیاست میں آیا ہوں، شاہراہ بھٹو شہید بینظیر بھٹو کا منصوبہ تھا جب کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان اسٹیل مل کا تحفہ دیا، کراچی میں شارع فیصل ملیر ایکسپریس وے جیسے منصوبے دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایسا نظام بنائیں گے جو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل ہو گا، سندھ حکومت کے 4 منصوبوں کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا عالمی اعزاز حاصل ہوا، ہم ایسے منصوبےلیکر آئیں گےکہ کاروبار کیلئے مواقع مل جائیں گے عالمی سطح پر کراچی کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا ماڈل فراہم کریں گے۔


