20

ایس بی سی اے ریگولیشنز 2026 میں ترمیم، تعمیراتی فیسوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت مختلف تعمیراتی فیسوں اور چارجز میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رہائشی منصوبوں کی اسکروٹنی فیس 16 روپے سے بڑھا کر 17 روپے 50 پیسے فی اسکوائر فٹ مقرر کی گئی ہے، جبکہ کمرشل منصوبوں کی فیس 22 روپے سے بڑھا کر 25 روپے 25 پیسے فی اسکوائر فٹ کر دی گئی ہے۔

اسی طرح انڈسٹریل پلاٹس کی اسکروٹنی فیس 20 روپے سے بڑھا کر 22 روپے فی اسکوائر فٹ مقرر کی گئی ہے، جبکہ میونسپل حدود سے باہر صنعتی پلاٹس کی فیس بھی 1 روپے 25 پیسے سے بڑھا کر 1 روپے 50 پیسے کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انفراسٹرکچر بیٹرمنٹ چارجز میں بھی اضافے کی تجاویز منظور کی گئی ہیں، جس کے تحت مختلف علاقوں میں فیس 55 روپے فی اسکوائر فٹ تک مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کلفٹن اور کے ڈی اے اسکیم فائیو میں یہ چارجز 57 روپے 50 پیسے فی اسکوائر فٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔

ہائی ڈینسٹی علاقوں میں بیٹرمنٹ چارجز 200 روپے سے بڑھا کر 230 روپے فی اسکوائر فٹ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اسی طرح ڈیمولیشن پرمیشن فیس بھی دوگنا کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے تحت رہائشی پلاٹس کی فیس 10 ہزار روپے جبکہ کمرشل و انڈسٹریل املاک کی فیس 20 ہزار روپے تک مقرر کی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر اجازت عمارت گرانے پر 400 فیصد تک جرمانے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ ڈی این پی فارم کی قیمت 600 روپے سے بڑھا کر 750 روپے کر دی گئی ہے۔

ٹاؤن شپ اسکیموں کی فیسوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پانچ ایکڑ تک اسکیم فیس 1 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ 10 ایکڑ سے زائد منصوبوں کی فی ایکڑ فیس 47 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن ڈی جی ایس بی سی اے مظمل حسین کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ تعمیراتی شعبے سے وابستہ حلقوں نے فیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں