اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں رات کے اوقات میں سموں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریگولیٹری ضوابط پر سختی سے عملدرآمد اور غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام کے لیے تمام موبائل فون آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سموں کی فروخت معطل رکھی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام مجاز سم فروخت مراکز، خصوصاً فرنچائزز اور ریٹیلرز، مقررہ اوقات کی پابندی کے پابند ہوں گے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹیلی کام قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مجاز سیلز آؤٹ لیٹس سے مقررہ اوقات کے دوران سم خریدیں اور بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو لازمی یقینی بنائیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی خلاف ورزی یا شکایت کی صورت میں پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، واٹس ایپ نمبر 0315-0055055 یا ٹول فری نمبر 0800-55055 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام صارفین کے تحفظ، غیر قانونی سموں کے استعمال کی روک تھام اور ملک میں محفوظ و شفاف ٹیلی کام نظام کے قیام کے لیے کیا گیا ہے۔


