کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایک بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 17 میں واقع بسیرا شاپنگ سینٹر کے اندر نامعلوم مسلح ملزمان نے چار دکانوں کو نشانہ بنایا اور 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سنار مارکیٹ کے صدر اور متاثرہ سنار اعجاز حسین نے واقعے کا مقدمہ شارع فیصل تھانہ میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرا دیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق پیر کی شام تقریباً ساڑھے سات بجے چار مسلح ملزمان نے اعجاز حسین کے بیٹے لاریب کی بند دکان کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہو کر لوٹ مار کی۔ ملزمان دکان سے 2 کروڑ 19 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور 20 لاکھ روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دوسری دکان پر موجود ملازم جمیل سے بھی 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا چھینا، جبکہ تیسری دکان کے مالک شرجیل سے اسلحے کے زور پر آئی فون لوٹا گیا۔ اسی طرح چوتھی دکان سے 70 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی چھین لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے مسلح ملزمان نے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں ایک دکان کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ شیشہ ٹوٹنے سے ایک ملزم کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔


