کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سرجانی ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “ملاں گروہ” کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ محمد سلمان عرف ملاں ولد عبدالوحید، محمد عمر، سید علی، محمد زوہیب اور محمد دانیال شامل ہیں۔
رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایک 9 ایم ایم پستول (بغیر لائسنس)، دو میگزین بمعہ ایمونیشن، چھ موبائل فونز، دو چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں عزیز آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد، لالوکھیت اور سرجانی سمیت دیگر علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل چوری اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم محمد سلمان عرف ملاں نے انکشاف کیا ہے کہ اس گروہ نے اسلحے کے زور پر ایک گھر میں ڈکیتی کی، جس میں موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں، جن کی مالیت تقریباً 13 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے، جبکہ ملزمان کو برآمد شدہ اسلحہ اور سامان سمیت پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


