کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کراچی میں آئس اور ہیروئن کی سپلائی میں ملوث ایک مبینہ منشیات نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں فوزیہ بلوچ، اس کی بہن اور ایک دیگر ساتھی شامل ہیں۔ کارروائی پیر کے روز عمل میں لائی گئی، جس کے دوران آئس اور ہیروئن کی سپلائی میں ملوث اس نیٹ ورک کے اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں منشیات کی سپلائی پشاور سے کراچی تک کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ کئی اہم کرداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


