ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بڑی کارروائی، جعلی دستاویزات میں ملوث غیر مجاز ٹریول ایجنٹ گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دورانِ جانچ پڑتال مسافر کے پاسپورٹ کے ایک صفحے سے جعلی اسپین ویزا ہٹانے کا انکشاف ہوا، جبکہ مختلف ممالک کے مشتبہ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس بھی پائے گئے۔

ابتدائی تفتیش میں مسافر نے اعتراف کیا کہ وہ غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف ممالک بھجوانے کے اشتہارات چلاتا تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے موبائل فونز سے یورپی ممالک میں غیر قانونی امیگریشن، ڈنکی روٹس، جعلی ویزوں، افغان شہریوں کی بیرونِ ملک منتقلی اور کروڑوں روپے کے مالی لین دین سے متعلق اہم شواہد برآمد ہوئے۔

ملزم کے قبضے سے متعدد سم کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز، مختلف افراد کے تعلیمی و سفری دستاویزات، ویزوں کی تصاویر اور مشتبہ چیٹس بھی برآمد کر لی گئیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ملزم جعلی ویزا، ایڈٹ شدہ دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک میں ملوث پایا گیا ہے۔ ملزم کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ، جعلی سفری دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں