31

تجاوزات کے خلاف شہر بھر میں کارروائیاں تیز، متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی بھرپور مہم جاری ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری کارروائیوں کی رپورٹ کمشنر کراچی آفس کو پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں چار غیر قانونی گھر مسمار کیے گئے جبکہ متعدد تجاوزات ختم کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملیر ہالٹ سے کالا بورڈ نیشنل ہائی وے کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے، جہاں 15 سے زائد ٹھیلے اور پتھارے ہٹائے گئے۔ سہراب گوٹھ اور ال آصف اسکوائر میں بھی غیر قانونی تعمیرات مسمار کی گئیں۔

فٹ پاتھوں، سڑک کنارے قائم کیبنز، شیڈز اور غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ شاہ فیصل کالونی میں چار گھروں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

کارروائیوں میں کراچی پولیس، ٹریفک پولیس، بلدیاتی اداروں اور کے الیکٹرک کے آپریشنل اسٹاف نے بھی حصہ لیا۔

انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے مرتکب افراد کو سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

سید حسن نقوی، کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کے مطابق سرکاری زمینوں پر قبضے ہر صورت ختم کیے جائیں گے اور قابضین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

ضلع شرقی میں بھی روزانہ کی بنیاد پر انسداد تجاوزات مہم جاری ہے، جس میں لوکل پولیس، ٹی ایم اے اور کے ایم سی کی مشترکہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں