بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میگا ڈویلپمنٹ پروجیکٹس سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، سڑکوں کی بحالی اور ٹرانسپورٹ نظام سمیت 10 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 10 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دیتے ہوئے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عظیم پورہ سے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی تک متبادل کوریڈور منصوبے پر بریفنگ دی۔ یہ منصوبہ 58 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس کوریڈور کے فعال ہونے سے ٹریفک کا دباؤ شاہراہ بھٹو کی طرف منتقل ہوگا، جس سے رہائشی علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ منصوبے کی منظوری کا عمل فوری مکمل کر کے پیش کیا جائے تاکہ ترقیاتی کام تیز رفتاری سے شروع کیے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں