اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی دو کوششوں کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں مبینہ طور پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے دراندازی کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔اسی طرح شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنائی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، اس طرح مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں افغان عبوری حکومت کی جانب سے مؤثر سرحدی انتظامات قائم کرنے میں ناکامی کو ظاہر کرتی ہیں، اور زور دیا گیا ہے کہ افغان حکام اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں موجود دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


